03 اپریل ، 2012
کراچی… سندھ کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے پر اتفاق ہوا ہے گورنر ہاوٴس میں ہونے والے اجلاس میں گورنر سندھ عشرت العباد، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما رضا ہارون،وسیم افتاب،ڈاکٹر صغیر احمد ،عوامی نیشنل پارٹی کے بشیر جان ،رانا گل افریدی ، حاجی عدیل اور صوبائی وزیر امیر نواب جبکہ پیپلز پارٹی کے مرادعلی شاہ ،پیر مظہرالحق اورایاز سومرو شریک ہوئے ۔ اجلاس میں شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں کہاگیا کہ شہر کا امن سب سے پہلے ہے آپس کے رابطوں کو مستقبل میں بھی برقرار رکھے جانے پر اتفاق کیا گیا اجلاس میں آئندہ ہفتے میں اتحادی جماعتوں کی کورڈینیشن کمیٹی بحال کئے جانے اوراجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہوجبکہ اے این پی نے باچا خان مرکز اور دیگر دفاتر پر آپریشن کے خلاف تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی: وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیر اعلی سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہم سب کی کوششوں سے آج اتحادی جماعتیں ساتھ بیٹھی ہیں ، آج کے اجلاس میں بہت سے معاملات حل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بدامنی کا کچھ قوتیں فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتی ہیں تاہم تمام سیاسی جماعتوں کو بیٹھ کر بھر پور یقین کے ساتھ ان کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔