03 اپریل ، 2012
پشاور… پشاور ہائی کورٹ نے قبرستانوں کی زمین پر تجاوزات اور غیرقانونی عمارتیں تیس دن کے اندر گرانے کا حکم دے دیا ہے۔پشاور ہائی کورٹ میں قبرستانوں کی زمین پر تجاوزات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ تجاوزات کو تیس دن کے اندر ختم کیا جائے چیف جسٹس نے کہا کہ قبرستانوں کی زمین پر تجاوزات اور غیرقانونی عمارتیں کھڑی کرنے والے خود سات دن کے اندر عمارتیں گرادیں ۔ انہوں نے انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ تجاوزات ہٹانے میں مداخلت کرنے والوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے۔ چیف جسٹس دوست محمد نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ قبرستانوں کی زمین پر بنائے گئے سکول اور بنیادی مراکز صحت کیوں بنائے گئے ہیں، متعلقہ ایم پی ایز اور عوامی نمائندوں سے پوچھا جائے۔