پاکستان
28 فروری ، 2014

دھرنا ختم،پی ٹی آئی نے مرکزی حکومت کو راضی کرلیا، اتحادی ناراض

دھرنا ختم،پی ٹی آئی نے مرکزی حکومت کو راضی کرلیا، اتحادی ناراض

پشاور…نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرنے والی تحریک انصاف نے مرکزی حکومت کو توراضی کرلیا لیکن ایسا کرتے کرتے صوبے میں اس کی اتحادی جماعت اسلامی ناراض ہو گئی۔ گذشتہ رات تحریک انصاف نے کورکمیٹی کے اجلاس کے بعد نیٹوسپلائی کے خلاف دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا اور یوں پشاور کے رنگ روڈ پر 96 روز سے سجایا گیا احتجاجی کیمپ سمیٹ لیا گیا جس کے بعد سپلائی تو بحال ہو گئی لیکن جماعت اسلامی اورتحریک انصاف میں کچھ دوریوں نے جنم بھی لیا۔سینئر وزیر خیبر پختونخواور جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق کا کہنا ہے کہ تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی گئی تاہم دھرنا ختم کرنے کے فیصلے میں جماعت اسلامی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ جماعت اسلامی کہتی ہے کہ وہ تحریک انصاف کے اس فیصلے کے بعد بھی ڈرون حملوں کی مخالفت پرقائم ہے۔ دوسری جانب خود صوبہ میں تحریک انصاف کی حکومت کے ترجمان شاہ فرمان بھی مانتے ہیں کہ جماعت اسلامی کو اعتماد میں لیا جانا چاہیئے تھا۔صوبے میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے امریکا مخالف مشترکہ موقف کو اب تک کے کامیاب اتحاد کی ایک وجہ سمجھا جاتا تھا۔ ایسے میں سیاسی ماہرین نیٹوسپلائی کے معاملے پردونوں جماعتوں کے موٴقف میں تبدیلی کومستقبل کی بعض سیاسی مشکلات کی بنیاد کہتے ہیں۔

مزید خبریں :