01 مارچ ، 2014
پشاور…طالبان قیادت نے اپنی ذیلی تنظیموں کو جنگ بندی کے اعلان کی مکمل پاسداری کرنے اور ہر قسم کی کارروائی سے گریز کا حکم دے دیا۔ اس سے پہلے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان سامنے آگیا۔طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل میں تعطل کے خاتمے کے لیے ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل میں تعطل کے بعد بالآخر ایک اچھی اور مثبت خبر سامنے آئی،کالعدم تحریک طالبان نے ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کردیا۔ایک بیان میں کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ مذاکراتی عمل میں پیدا شدہ ڈیڈلاک کے خاتمے اور جنگ بندی کیلئے طالبان مذاکراتی کمیٹی کو دی گئی تجاویز کا حکومت نے مثبت جواب دیا ہے۔ شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھاکہ ملک کے اکابر علمائے کرام کی اپیل، طالبان کمیٹی کے احترام، اسلام اور ملک کے بہتر مفاد میں ایک مہینے کیلئے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ تحریک طالبان کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے اپنے تمام حلقہ جات اور ذیلی تنظیموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تحریک طالبان کی طرف سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کی مکمل پاسداری کریں اور اس دوران ہر قسم کی کاروائی سے گریز کریں۔ شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت مذاکراتی عمل کو ہر قسم کی سیاست سے دور رکھ کر اس معاملے میں مثبت پیش رفت کرے گی۔