21 جنوری ، 2012
ملتان … ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں پنچائیت نے 60 سالہ بیوہ خاتون کی شادی 55 سالہ شخص سے کروانے کا فیصلہ سنا دیا تاہم پولیس نے شادی رکوا دی۔ پولیس کے مطابق ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے علاقہ رکن ہٹی کی 27 سالہ بیوہ خاتون شمائلہ پر الزام تھا کہ وہ اپنے رشتہ دار لیاقت حسین کو پسند کرتی ہے اسی پر ایک دن شمائلہ کی اپنی والدہ صوباں مائی کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور شمائلہ گھر سے ناراض ہو کر چلی گئی۔ شمائلہ کے گھر سے جانے پر اس کے والدین کو شک گزرا کہ شمائلہ کو لیاقت بھگا لے گیا ہے جس پر لیاقت کے گھر میں شمائلہ کے والد اور بھائیوں نے جا کر وہاں موجود لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں پنچائیت بھی بلا لی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بدلے کے طور پر لیاقت کی والدہ کی شادی شمائلہ کے والد ابوبکر سے کی جائے گی۔ پنچائیت کے اس فیصلہ کی اطلاع لیاقت نے پولیس کو دی جس پر پولیس تھانہ سٹی شجاع آباد نے موقع پر پہنچ کر پنچائیتیوں کو اس فیصلہ سے روک دیا۔ لیاقت نے اب تھانہ سٹی شجاع آباد میں شمائلہ کے والد اور بھائیوں کے خلاف پنچائیت بلانے اور گھر میں گھس کر اس کے اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بنانے پر مقدمہ درج کروا دیا ہے تاہم پولیس نے اب تک کوئی گرفتاری نہیں کی۔ دوسری جانب شمائلہ کا یہ کہنا ہے کہ وہ لیاقت کے ساتھ نہیں بھاگی بلکہ اپنی سہیلی زبیدہ کے گھر گئی تھی۔