پاکستان
04 مارچ ، 2014

ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے سے برفباری جاری،سردی میں اضافہ

 ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے سے برفباری جاری،سردی میں اضافہ

اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔گلگت بلتستان کے ضلع غذرکے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری کاسلسلہ جاری ہے ،میدانی علاقوں میں موسم ابرآلود ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، سرد موسم کے باعث مختلف موسمی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت اور ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا میں،ایبٹ آباد، حویلیاں، مانسہرہ اور ہری پور میں موسلا دھار بارش اور وادیء کاغان ،نتھیاگلی سمیت گلیات کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری ہوئی۔بارش اور برفباری سے ایک بار پھر موسم مزید سرد ہوگیا ، برف باری کے باعث رابطہ سڑکوں سے برف نہیں ہٹا جاسکی ، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ لکڑ ی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔پنجاب اورسندھ کے کئی شہروں میں موسم بہار کی پہلی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارشیں ہوئیں، جس سے سردی بڑھ گئی دوسری جانب قبائلی علاقوں میں بھی برفباری کے بعد ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ،پنجاب، خیبر پختونخوا ،کشمیر میں بیشتر مقامات پر جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

مزید خبریں :