04 مارچ ، 2014
میران شاہ…خیبرپختونخوا حکومت نے شمالی وزیرستان سے کسی حکومتی آپریشن کے نتیجے میں لوگوں کے انخلا کی صورت میں انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے اوراس مقصد کیلئے صوبائی حکومت اورقبائیلی علاقہ جات کے اعلیٰ حکام سمیت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سربراہان پرمشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پشاورمیں جاری کئے گئے سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی پیز سے متعلق معاملات کی نگرانی کیلئے جوچاررکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں صوبے کے داخلہ وقبائلی امورکے سیکرٹری، قبائلی امورکے لااینڈآرڈرکے سیکرٹری، اورصوبے و قبائیلی علاقہ جات میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیزکے ڈی جیز شامل ہیں۔ کمیٹی نے اپنے قیام کے بعد بنوں کا دورہ کیا جس کے دوران کمشنربنوں نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شمالی وزیرستان سے 20سے 28فروری کے دوران 20ہزار کے قریب لوگوں نے انخلا کیا ہے اورشمالی وزیرستان میں کسی حکومتی کاروائی کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں 50ہزار لوگ آئی ڈی پی بن سکتے ہیں اوراگران کاروائیوں میں تیزی آتی ہے تویہ تعداد 3لاکھ تک بھی پہنچنے کا امکان ہے۔ کمیٹی کوبتایا گیا کہ ان آئی ڈی پیز کیلئے بنوں انڈس ہائی وے لنک روڈ پرکاشوپل کے مقام پر کیمپ بنایا جائے گا۔