05 مارچ ، 2014
کراچی …کراچی میں سپرہائی وے پرجمالی گوٹھ پل کے قریب 4 مسلح ڈاکوؤ ں نے لانگ روٹ کی کوچ کو یرغمال بناکر کوچ سے اتار کر50 سے زائد مسافروں سے لوٹ مارکی، مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے، ڈاکوواردت کے بعد فرار ہوگئے۔ سپرہائی وے پر بکرا منڈی میدان کے قریب سے جب لاڑکانہ سے کراچی آنے والے لانگ روٹ کی کوچ گزررہی تھی تو 4 مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر کوچ کو روکا اور پھر اس میں سوار ہوکر اسے یرغمال بنالیا اور پھر اسے جمالی گوٹھ پل کے قریب لے گئے اور کوچ میں سوار 50 سے زائد مسافروں کو ایک ایک کرکے اتاتے رہے اور کھلے عام لوٹ مار کی،اسی دوران کچھ افراد نے ڈاکوؤں سے مزاحمت شروع کردی، ملزمان نے مزاحمت کرنے والوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، جن میں عبدالرشید، رمضان اور حاکم نامی افراد شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا، واضح رہے کہ سپرہائی وے پر سبزی منڈی سے سہراب گوٹھ تک مسافر بسوں اور سبزی منڈی جانے اور آنے والے گاڑیوں میں سوار افراد سے لوٹ مار کی واردتیں کھلے عام اور روزانہ کی بنیاد پرجاری ہیں،جبکہ پولیس اور رینجرز ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔