11 جنوری ، 2012
کراچی ... مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی رہ نماوٴں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،انہوں نے اسے قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیر صاحب پگارا کی وفات سے ملکی سیاست میں پیدا ہونے والا خلا پر کرنا مشکل ہو گا ۔مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پیر صاحب پگارا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک ایک منجھے ہوئے سیاست دان سے محروم ہو گیا ہے،مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اورچودھری پرویز الہٰی نے اپنے پیغام میں مرحوم کی خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے،تحریک انصاف کے رہ نما خورشید قصوری نے بھی پیر صاحب پگارا کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری نے اسے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔