پاکستان
20 مارچ ، 2014

پاکستان کو امریکی و عرب ملکوں کی کالونی نہیں بننے دیں گے،مجلس وحدت

پاکستان کو امریکی و عرب ملکوں کی کالونی نہیں بننے دیں گے،مجلس وحدت

کراچی…مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں جمعرات کو شاہ بحرین کی پاکستان آمد کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا ،اس حوالے سے کراچی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، کراچی پریس کلب کے باہرہونے والے مظاہرے میں سیکڑوں افراد سمیت مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز موجود تھے جس پر امریکہ ، اسرائیل نامنظور، طالبان مردہ بادسمیت دیگر نعرے درج تھے۔مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مہدی عابدی سمیت کراچی ڈویژن کے رہنماؤں مولانا باقر زیدی، مولانا علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن اور حسن ہاشمی نے خطاب کیا،اور کہا کہ پاکستان کو امریکی و اسرائیلی ایماء پرعرب ملکوں کی کالونی نہیں بننے دیں گے، شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی پاکستانی سرزمین پر مہمان نوازی کی مذمت کرتے ہیں ۔ان کاکہنا تھا کہ نواز حکومت کو چند ڈالروں کے عوض پاکستان کی مقدس فوج کو عرب ملکوں کی آگ میں دھکیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے ،نواز حکومت ،سعودی اور بحرینی حکومت کے ساتھ خفیہ معاہدوں کو منظر عام پر لائے اور پاکستان کے غیور عوام کو خیرات کے بدلے قومی وقار اور خوداری کا سودا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ افواج پاکستان خود کو امریکی اور عرب ملکوں کی مبینہ سازشوں سے دور رکھے اور نواز حکومت کی ایماء پر مشرق وسطیٰ کے کسی بھی مسئلے میں الجھنے سے اجتناب برتے۔مقررین نے مزید کہا کہ کراچی ،حیدر آباداور خیر پور سمیت دیگر مقامات پر جمعرات کو شہید ہونے والے دو شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ سندھ انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا شہر بھر میں جاری قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر کسی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :