پاکستان
20 مارچ ، 2014

الطاف حسین سے عامرخان کی ملاقات،تنظیمی کاموں سے آگاہ کیا

 الطاف حسین سے عامرخان کی ملاقات،تنظیمی کاموں سے آگاہ کیا

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے رابطہ کمیٹی کے رکن عامرخان نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت بھی موجود تھے ۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چونکہ ایم کیوایم، غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے اور ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ کرکے غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے لہٰذا ایم کیوایم کے تمام رہنماوٴں، ذمہ داروں اورکارکنوں کو مزید محنت ولگن، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے حق پرستی کے پیغام کوملک بھر میں عام کرناہوگا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان نے الطاف حسین کو ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔دریں اثناء الطاف حسین نے حق پرست رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی کے نومولود صاحبزادے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ مجھ سمیت تمام کارکنان آپ غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے ریحان ہاشمی ان کی اہلیہ سمیت تمام سواگوارلواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ سواگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاء کرے۔(آمین )۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے گلشن اقبال سیکٹر یونٹ 66-Cکے کارکن حامد رسول کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے کہاکہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں مجھ سمیت تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنّت الفردو س میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور سواگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاء کرے۔(آمین )

مزید خبریں :