پاکستان
22 مارچ ، 2014

امریکا : اسپتال میں مریضہ سے بوس وکنار پر پاکستانی ڈاکٹر فارغ

 امریکا : اسپتال میں مریضہ سے بوس وکنار پر پاکستانی ڈاکٹر فارغ

کراچی…محمد رفیق مانگٹ… امریکا میں ایک پاکستانی ڈاکٹر کواسپتال کے ایمرجنسی روم میں مریضہ کے ساتھ بوس وکنار کرنے پر نوکری سے فارغ کردیا گیا۔ ریاستی میڈیکل بورڈنے ڈاکٹر کے اس فعل پر انتہائی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ملامتی نوٹس جاری کیا اور ڈاکٹر پر ایک ہزار ڈالرکاجرمانہ عائد کردیا۔امریکی اخبار Bangor Daily News کی رپورٹ کے مطابق ریاست مین کے شہر آگسٹا میں ہولٹن ریجنل اسپتال نے مریضہ کے ساتھ بوس وکنار کرنے پر پاکستانی ڈاکٹر ولید خان کو نوکری سے نکال دیا۔ڈاکٹر ولید خان کو یہ حرکت کرتے ہوئے دو نرسوں نے دیکھ لیا تھا جب ایک مریضہ نشے کی حالت میں ایمرجنسی روم میں آئی اور اس کے باوز پر زخم تھا۔نرسوں نے اسپتال انتظامیہ کو تمام صورت حال بتا دی جس پر اسپتال نے ڈاکٹر ولید کو نوکری سے فارغ کرکے میڈیکل بورڈ کو د ومارچ کو آگاہ کردیا۔بورڈ کے جواب میں ولید خان نے کہا کہ مریضہ نے اس فعل کاآغاز کیا۔اس نے کہا کہ وہ نہیں جانتا تھا کہ وہ اس عورت کو کس طرح جواب دے یا الگ کرے،وہ اس طرح کے وقوعہ کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا۔بورڈ نے ولید خان کو معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا ، اور کہا کہ وہ طبی شعبے کیلئے بدنامی کا باعث ہے۔ ولید خان نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس کی وجہ سے اسپتال کی بدنامی ہوئی۔ولید خان نے پشاور یونی ورسٹی سے 1997میں طب کی ڈگری حاصل کی اور شعبہ اطفال میں سند یافتہ ہے،وہ ریاست مین کے ایک عارضی لائسنس کے تحت پریکٹس کر رہا تھا جس کی معیادگیارہ جون2012سے دس جون2013تک تھی،اب اس کے پاس مین ریاست میں پریکٹس کا لائسنس نہیں۔بورڈ کے مطابق خان اب ٹیکساس میں رہتا ہے ۔

مزید خبریں :