30 مارچ ، 2014
میرپور، ڈھاکا… ورلڈ ٹی 20 میں گروپ ٹو کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو50رنزسے شکست دے دی ۔شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میرپور ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس پاکستان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئے مقررہ20اوورز میں190رنز بنائے،پاکستان کی اننگزشروع ہوتے ہی احمدشہزاد کابیٹ رنزاگلنے لگا،کامران اکمل اورحفیظ ساتھ چھوڑگئے تاہم احمدشہزاد نے ہمت نہیں ہاری اور جارحانہ انداز اپنائے رکھا ،اس دوران شعیب ملک نے 26رنزبناکراحمدشہزاد کابھرپورساتھ دیا جبکہ اسی دوران شاہد آفریدی نے بھی تیز رفتار22رنز بنا ئے جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا ۔احمد شہزاد نے شانداربیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئے کیریئر کی عمدہ اننگ کھیلی اور سنچری اسکور کی ،وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔احمد شہزاد نے57گیندوں کا سامنا کرتے ہو ئے 9چوکے اور4بلند و بالا چھکوں کی مددسے سنچری مکمل کی جبکہ ان کا مجموعی انفرادی اسکور62گیندوں پر111رنز رہا اوروہ ناقابل شکست بھی رہے۔بنگلہ دیش کی جا نب سے عبد الرزاق نے دو وکٹیں حاسل کیں۔بنگلہ دیش کی ٹیم 191رنز کے ہدف کے تعاقب میں140رنز تک محدود رہی،بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سب سے زیادہ 38رنز بنانے میں کامیاب رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلواسے،دیگر قابل ذکر بیٹسمینوں ناصر حسین23انعام الحق18،مشرف مرتضیٰ 17اور محمود اللہ17کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے عمر گل نے3اور سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔