30 مارچ ، 2014
لاہور…خیبر پختونخواکے سینئروزیرسراج الحق جماعت اسلامی کے نئے امیرمنتخب ہوگئے،ان کے مدمقابل امیدواروں میں سید منور حسن اور لیاقت بلوچ شامل تھے۔جماعت اسلامی کے نومنتخب امیر کااعلان ناظم انتخابات عبدالحفیظ نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس میں کیا،جماعت اسلامی کے رہنما امیرالعظیم اورنذیرجنجوعہ بھی اس موقع پر موجودتھے،اس موقع پر بتایاگیاکہ جماعت اسلامی کے25ہزار 533ارکان نے امیرکے انتخاب کیلئے خفیہ رائے شماری میں حصہ لیا۔سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیرہیں، ان سے قبل مولانا مودودی 1941 سے 1972 تک پہلے امیر رہے، انکے بعد میاں طفیل محمد 1972 سے 1987 تک امیر رہے،قاضی حسین احمد 1987 سے 2009 تک امیر رہے، انکے بعد سید منور حسن 2009 سے 2014 تک امیر بنے، اب پانچویں امیر سراج الحق منتخب ہوئے ہیں ، جنکی مدت 2019 تک ہوگی ۔ جماعت اسلامی کے ذرائع نے جیونیوزکوبتایاکہ نو منتخب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے پی کے حکومت کی وزارت چھوڑ دیں گے اور جلدمنصورہ لاہور منتقل ہو جائیں گے،ان ذرائع کاکہناہے کہ جماعت اسلامی کی امارت اور حکومتی عہدہ ایک ساتھ نہیں رکھا جا سکتا۔