پاکستان
08 اپریل ، 2014

سبی: جعفرایکسپریس میں دھماکا، 17 افرادجاں بحق ، 40 زخمی

سبی: جعفرایکسپریس میں دھماکا، 17 افرادجاں بحق ، 40 زخمی

سبی…سبی ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس میں دھماکے سے مرنے والوں کی تعداد 17ہوگئی ہے،ان میں 4بچے اور 3خواتین بھی شامل ہیں۔40سے زائد زخمیوں میں سے 19کی حالت نازک ہے۔ سبی ریلوے اسٹیشن پر شعلوں میں گھری یہ بوگی جعفر ایکسپریس کی ہے، جو وقت سے 10منٹ پہلے ہی یہاں پہنچی تھی۔کوئٹہ سے راول پنڈی جانے والے ٹرین کی اس بوگی کے 16مسافروں کو بم دھماکے نے اس منزل پر پہنچادیا،جہاں سے کوئی واپس نہیں آتا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد بوگی کے واش روم میں رکھا گیا تھا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پلیٹ فارم کی چھت اڑ گئی۔ بوگی نمبر نو کو آگ کی لپٹوں نے اپنی لپیٹ میں ایسا لیا،کہ ہر شے جل کر خاک ہوگئی،جبکہ دیگر تین بوگیوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔ڈئی آئی جی سبی قاضی حسین احمد کا کہنا ہے کہ جہاں بھی سیکیورٹی کے حوالے سے غفلت ہوئی تحقیقات کریں گے، سخت ایکشن لیں گے۔دھماکے بعد فائر بریگیڈ نے فوری طور پر کارروائی کی۔زیادہ تر ہلاکتیں آگ سے جھلسنے کے باعث ہوئیں۔ مرنے والوں میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل ہیں جو کوئٹہ سے حسن ابدال مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے جارہے تھے۔ دھماکے میں 40سے زائد مسافر زخمی بھی ہوئے۔ جنھیں سی ایم ایچ سبی منتقل کردیاگیاہے۔ان میں سے شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹرزکے ذریعے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔ریسکیو ٹیمیں موقع پرامدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ دھماکے کا نشانہ بننے والی ٹرین کو ٹریک سے ہٹا کر ریلوے ٹریفک بحال کردیاگیا ہے۔

مزید خبریں :