07 اپریل ، 2012
واشنگٹن ... امریکی اخبارنے انکشاف کیاہے کہ وائٹ ہاوٴس ایران کاایٹمی پروگرام مشروط طورپرقبول کرنے پرتیارہے۔صدراوبامانے ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کوپیغام بھجوادیا۔واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدرباراک اوباما نے ترک وزیراعظم طیب اردگان کے ذریعے ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کوخط بھیجا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ اگر تہران ثابت کردے کہ اس کاایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلیے ہے توامریکا اسے قبول کرلے گا۔خط میں واضح کیاگیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای اگر حال ہی میں کیے گئے اپنے اس دعوے پرقائم رہیں کہ ان کی قوم کبھی ایٹمی ہتھیاروں کے پیچھے نہیں بھاگے گی توامریکا کوایران کے سویلین نیوکلیئرپروگرام پر اعتراض نہیں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق سیئول میں صدراوباما نے ترک وزیراعظم سے ملاقات میں یہ خط ان کے حوالے کیاجوانھوں نے ایرانی سپریم لیڈرکوپہنچادیاہے۔