07 اپریل ، 2012
قاہرہ… مصر میں صدر حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کے بعدمئی میں ہونے والے پہلے صدارتی انتخابات کے لئے امیدوار سامنے آنے لگے۔ پارلیمانی انتخابات میں کامیاب ہونے والی اسلامی جماعتوں نے اپنے اپنے صدارتی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے جن میں اخوان المسلمین نے خیرات الشاطر کو اپنا صدارتی امیدوار مقرر کیا ہے اس سے پہلے اخوان المسلمین نے پہلے صدارتی انتخابات میں امیدوار نہ کھڑا کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ سلفی رہنما حازم ابو اسماعیل بھی صدارتی امیدوار کی دوڑ میں ہیں۔ جمعہ کوحازم ابو اسماعیل کے ہزاروں حامیوں نے قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب صدر حسنی مبارک کے دور میں طویل عرصے تک نائب صدر رہنے والے، عمر سلمان نے صدارتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ بدلتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کی خواہش پر صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔اس سے پہلے عرب لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل امر موسیٰ بھی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کر چکے ہیں۔