پاکستان
07 اپریل ، 2012

بشیر قریشی کا پوسٹ مارٹم مکمل، میت رتو ڈیرو روانہ

بشیر قریشی کا پوسٹ مارٹم مکمل، میت رتو ڈیرو روانہ

لاڑکانہ… جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین بشیر قریشی کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے اور میت تدفین کے لئے رتوڈیرو روانہ کردی گئی ہے ۔ جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین بشیر خان قریشی کا پوسٹ مارٹم چانڈکا میڈیکل اسپتال لاڑکانہ میں پولیس سرجن ڈاکٹر صفیح اللہ عباسی نے کیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر صفیح کا کہنا تھا کہ بشیر قریشی کے جسم سے حاصل کیے گئے نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔ بشیر قریشی کے جسم پر بظاہر کوئی علامات نہیں پائی گئیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی بشیر قریشی کی موت کی وجوہات کا پتاچل سکے گا۔ بشیر قریشی کے انتقال پر سندھ کے مختلف شہروں میں سوگ منایا جارہا ہے اور کارروباری مراکز بند ہیں، مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ دوسری جانب لاڑکانہ اور حیدرآباد بورڈ کے زیراہتمام نویں اور دسویں جماعتوں کے پرچے ملتوی کردیئے ہیں۔ جو اب 17 اپریل کو ہوں گے۔ سکھر بورڈ کے زیراہتمام صبح کے وقت سندھی کا پرچہ ہوا تاہم دوپہر کی شفٹ کے پرچے ملتوی کردیئے گئے جو اب 16 اپریل کو ہوں گے۔ بشیرخان قریشی گزشتہ شب سکرنڈ کے قریب گوٹھ دڑی مگسی میں دعوت میں شریک تھے کہ اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث انھیں فوری طور پر سکرنڈ اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ طبی امداد ملنے سے قبل ہی خالق حقیقی سے جا ملے۔بشیر قریشی کی عمر 54 سال تھی۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ، تین بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ اہل خا نہ کے مطابق بشیرقریشی کی تدفین ان کے آبائی گاوٴں رتو ڈیرو میں ہوگی۔

مزید خبریں :