07 اپریل ، 2012
اسلام آباد… صدر آصف علی زرداری نجی نوعیت کے ایک روزہ دورے پر کل بھارت جارہے ہیں، وفد میں صدر کے صاحبزادے ، وفاقی وزیر داخلہ اور سیکریٹری خارجہ بھی ہوں گے ۔ ایوان صدر کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایاہے کہ صدر زرداری کل زیارتی دورے پر اجمیرشریف، بھارت جائیں گے، انکے وفد میں بلاول بھٹو زرداری، رحمان ملک، سیکریٹری خارجہ اور پرسنل اور سکیورٹی اسٹاف شامل ہوگا، صدر کا دورہ اجمیر شریف ، درگارہ خواجہ غریب نواز کی زیارت اور فاتحہ خوانی کیلئے ہے ، صدر نے اجمیر جاتے ہوئے دہلی میں بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی طرف سے ظہرانہ کی دی جانے والی دعوت بھی قبول کرلی ہے، صدر زرداری اس دورہ کے بعد کل ہی واپس آجائیں گے۔ایک بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کل نئی دلی میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کریں گے۔ایک بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماوٴں کے درمیان کل دوپہر کے کھانے سے قبل ون آن ون ملاقات ہوگی جس میں باہمی تعلقات کے اہم مسائل پر یقینی طور پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تاہم اخبار کا کہنا ہے کہ اس کا امکان نہیں ہے کہ دونوں رہنماوٴں کی ملاقات کی تفصیلات کو عام کیا جائے۔