07 اپریل ، 2012
راولپنڈی … ایم کیوایم کے رہنما اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پیٹرول پر 10 روپے فی لیٹر بھتہ بند کیا جائے ، کراچی میں سازش کے تحت سیاسی سرپرستی میں کریمنل مافیا اور انتہا پسندوں کے گٹھ جوڑ سے حالات خراب کئے جارہے ہیں۔ فاروق ستار نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشی بدحالی نے ملکی بقاء کو خطرہ لاحق کردیا ہے، وڈیرے، مراعات یافتہ طبقہ اور جاگیر دار ٹیکس نہیں دے رہے، ہر طرح کی قابل ٹیکس آمدن پر ٹیکس لگایا جائے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ وفاقی بجٹ عوام دوست پیش کیا جائے گا، کراچی کی معیشت اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، توانائی بحران فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں بلاامتیاز کارروائی اور دہشت گردوں سے مکمل عدم برداشت کی پالیسی کے ذریعے امن لایاجاسکتا ہے۔