18 اپریل ، 2014
لاہور…لاہور میں فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث 6 ٹارگٹ کلرگرفتار کر لئے گئے۔ملزمان نے مختلف دینی و مذہبی رہنماوں ، سینئر وکلا ء سمیت 16 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے بتایا گیا ہے۔ ملزمان معروف ڈرامہ نگار اور اینکر پرسن پر فائرنگ کے واقعے میں بھی ملوث ہیں۔یہ انکشاف کیا سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق نے اپنی پریس کانفرنس میں ،انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے مذہبی رہنماڈاکٹر شبیہ الحسن،خرم رضا قادری،مولانا شمس الرحمن معاویہ،غلام رضا جعفری، علامہ ناصر عباس،ڈاکٹر علی حیدر،ڈاکٹر عظیم،ڈاکٹر صغیر، سینئر وکلا مسعود عابد نقوی،ارشد شاہ اورڈارمہ نگار اصغر ندیم سید سمیت نجی چینل کے اینکر پرسن پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا ہے۔ سی سی پی او کیمطابق ان تمام افراد کو لشکر جھگنوی کے سربراہ اسحاق کے ایما پر قتل کیا گیا۔ ملک اسحاق نے اپنے دو ساتھیوں عبد الروٴف اور اور ہارون بھٹی کے ذریعے یہ قتل کروائے۔ سی سی پی او نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشا فات کی بھی توقع ہے۔گرفتار ہونیو الے ملزمان میں عبد الروٴف،صابر شاہ،شیخ فرحان،شفاقت فاروقی،محمد ہاشم،اور سلیمان پٹھان شامل ہیں۔