18 اپریل ، 2014
کراچی…کارکنوں کے لاپتہ ہونے اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے گئے۔مظاہرین نے لاپتہ کارکنوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔حیدرآباد میں پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں اراکین صوبائی اسمبلی سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ایم کیوایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے، دھرنے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان بازیاب کرائے جائیں۔ملتان اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ماورائے عدالت قتل اور کارکنان کے لاپتہ ہونے کے خلاف کہیں مظاہرے ہوئے تو کہیں دھرنے دیے گئے۔