23 اپریل ، 2014
لاہور…لاہورمیں کونسل آف پاکستان نیوزپیپرایڈیٹرزکا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی پی این ای نے اعلان کیا کہ کسی نیوزچینل کے لائسنس یا اخبارکے ڈیکلریشن کی منسوخی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ایوان اقبال میں ہونے والے اجلاس میں حامد میر پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور جیو کی بندش کے لیے پیمرا کو بھیجی جانے والی درخواست پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ کسی نیوزچینل کے لائسنس یا کسی اخبارکے ڈیکلریشن کی منسوخی کسی صورت قابل قبول نہیں، نیوز چینل کی بندش،اخبار کی منسوخی قومی مفاد کی سنگین خلاف ورزی تصورکی جائے گی۔ اس طرح کے کسی اقدام سے بحران جنم لے گا جو جمہوری پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاسکتا ہے۔ اجلاس میں پیمرا کے موجودہ تشکیل پر اظہار تشویش کیا گیا اور کہا گیا کہ پیمرا کا کوئی مستقل ڈھانچا نہیں اور اس سے کسی منصفانہ فیصلے کی توقع نہیں لگائی جاسکتی۔ سی پی این ای کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور آئی ایس آئی بنیادی اہمیت کے قومی ادارے ہیں اور امید ہے کہ حامد میر پر حملے میں ملوث ملزمان کو کسی خوف اور دباوٴ کے بغیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سی پی این ای نے مطالبہ کیا کہ حکومت میڈیاسے وابستہ تمام کارکنوں کے تحفظ کیلئے جلد اور فوری اقدامات کرے۔