23 اپریل ، 2014
حیدرآباد…حیسکونے وزیر مملکت عابد شیر علی کی ہدایت پر واسا کے بجلی کے تمام کنکشن منقطع کر دئیے۔ تاہم سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے کنکشن بحال کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔حیسکو نے وزیر مملکت عابد شیر علی کے احکامات ملنے کے بعد واسا کے بجلی کے ایک سو چونتیس کنکشن منقطع کردئیے جس کے بعد حیدرآباد شہر کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔حیسکو کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب بجلی کی مد میں اربوں روپے کے بقایاجات ہیں جو اس نے ادا نہیں کئے۔بعد ازاں ایم ڈی واسا نے سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ میں حیسکو کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔جس پر حکم سناتے ہوئے عدالت نے حیسکو چیف کو حکم دیا کہ وہ واسا کے تمام کنکشن بحال کرکے کال صبح عدالت کو بتائیں۔عدالت نے حیسکو چیف ، ایکس ای این قاسم آباد، ایکس ای این لطیف آباد، ایکس ای این پھیلیلی اور ایکس ای این گاڑی کھاتہ چھ مئی کو عدالت میں طلب بھی کر لیا ہے۔ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ کنکشن کی بحالی کے بعد بھی شہر کو پانی کی فراہمی میں تین سے چار دن لگے گے۔