دنیا
24 اپریل ، 2014

پاکستانی نژادامریکی طلباء بھی سیاست میں حصہ لیں،شیلا جیکسن

پاکستانی نژادامریکی طلباء بھی سیاست میں حصہ لیں،شیلا جیکسن

ہیوسٹن …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی…امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی شریک چیئرمین‘ کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ بحیثیت شریک چیئرمین پاکستانی کاکس ان کی یہی کوشش رہی ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات قائم ہوں، پاکستانی طلبہ کو چاہئے کہ وہ امریکی سیاست میں بھی متحرک ہوں ،ہو سکتا ہے کہ آپ میں سے کوئی آئندہ امریکہ کا صدر منتخب ہو جائے، یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف ہیوسٹن میں پاکستانی طلبہ و طالبات کی نمائندہ ایسوسی ایشن پاکستانی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (PSA) کی ایک تقریب ”ہماری پہچان پاکستان“ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانگریس ویمن نے کہاکہ پاکستانی اسٹوڈنٹس صرف ایسوسی ایشن نہیں بلکہ یہ ایک فیملی کی طرح ہے انہوں نے کہاکہ جو پاکستانی نژاد امریکی طلبہ و طالبات ہیں ان کو چاہئے کہ وہ امریکی سیاست میں سرگرم ہوں انہوں نے کہاکہ واشنگٹن میں پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے ہونے والے ہر کام میں وہ پیش پیش رہتی ہیں ،انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں کافی مثبت پیشرفت ہوئی ہے جبکہ ابھی بہت سا کام باقی ہے جس پر وہ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو پیشکش کی کہ اگر ان کو انٹرن شپ کیلئے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ اس ضمن میں ان کی بھرپور مدد کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی ثقافت اور دیدہ زیب لباسوں اور مرچ مصالحے والے کھانوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ لوگوں کو دیکھ کر انتہائی متاثر ہوئی ہوں آپ نے امریکہ میں رہ کر بھی اپنے کلچر اور روایات کو پروان چڑھایا ہے جس کو میں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہوں۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل ہیوسٹن افضال محمود نے کہاکہ پاکستان قونصلیٹ ریاست ٹیکساس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی ہرممکن مدد کرے گی ،انہوں نے کہاکہ کمیونٹی کو بھی چاہئے کہ ہو مستقبل کے ان معماروں سے مدد و تعاون کریں۔ تقریب سے اعزازی مہمان مڈ لینڈ انرجی کے مالک‘ سی ای او پاکستانی نژاد امریکی تاجر سید جاوید انور نے خطاب کرتے ہوئے اپنی زندگی کے تجربات اور مشاہدات سے طلبہ و طالبات کو آگاہ کیا انہوں نے کہاکہ وہ کراچی کے متوسط گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں وہ امریکہ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آئے تھے اور آج اسی تعلیم کے بل بوتے پر ملٹی بلین کمپنی کے مالک ہیں انہوں نے کہاکہ ہ مپاکستان میں تعلیم کے ذریعے ہی انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ اور پاکستانی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ہیوسٹن کے صدر عرفان سید نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی نے PSA ہیوسٹن کو تہنیتی سرٹیفکیٹ دئیے جبکہ کانگریس مین ایل گرین کے نمائندے سلیم مرچنٹ نے بھی کانگریس مین کی طرف سے اور میئر ہیوسٹن اور کونسل کی جانب سے تہنیتی سرٹیفکیٹ دئیے۔ تقریب میں ایک ہزار کے قریب طلبہ و طالبات جن میں مقامی امریکی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات شامل تھے‘ سمیت ہیوسٹن کی مقتدر شخصیات نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے پاکستانی نغمے‘ ڈانس‘ فیشن شو‘ ٹیلنٹ شو اور کلچرل شو کے ذریعے اپنی ثقافت کو بھرپور طریقے سے پیش کیا جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔ پاکستانی اسٹونٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے کانگریس ویمن‘ قونصل جنرل‘ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی اور سید جاوید انور سے بھی خصوصی تعاون پر اظہار تشکر کیا گیا۔ مذکورہ تقریب کافی دیر تک جاری رہی جس میں حاضرین نے بھرپور انجوائے کیا۔

مزید خبریں :