26 اپریل ، 2014
ڈیلس …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… امریکا کی یونیورسٹی آف ٹیکساس ڈیلس میں پاکستانی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (PSA) کی جانب سے پانچواں سالانہ اجتماع منعقد کیا گیا جس میں پاکستانی مکتب فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی ثقافتی پروگرام جس میں فیشن شو‘ دولہا دلہن شو سمیت مسٹر اور مس پی ایس اے ایوارڈ بھی دئیے گئے جبکہ ایک میوزیکل پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی اسٹوڈنٹس کے رہنماؤں حسن اللہ رکھا اور حرا احمد نے پاکستانی ہیروز کو ہدیہ تہنیت پیش کیا اور ان کے کارناموں سے نوجوان نسل کو آگاہ کیا جن میں قائداعظم محمد علی جناح‘ فاطمہ جناح‘ عبدالستار ایدھی‘ ڈاکٹر عبدالسلام‘ ڈاکٹر قدیر خان‘ ریاض الدین صدیقی اور حکیم سعید کی شخصیات اور ان کے کارناموں پر روشنی ڈالی جبکہ پی ایس اے کے نائب صدر محمد منیب سلیم نے یونیورسٹی آف ڈیلس میں اسکالر شپ کے پروگرام پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبا و طالبات کو اہم معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر پاکستان امریکن ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عامر سلیمان اور (پی این ٹی) پاکستان سوسائٹی کے عہدیداران انجم انور اور سلمان تابانی بھی تقریب میں موجودتھے۔ پاکستانی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی کمیونٹی نے ان کی اس تقریب کو منعقد کرانے میں کافی مدد کی جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں۔ پروگرام کے آخر میں معروف پاکستانی گلوکار سہیل نجمی نے اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کیا۔ اس طرح یہ تقریب رات دیر گئے جاری رہی جس میں آنے والے افراد نے بھرپور انجوائے کیا۔