06 مئی ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حق پرست رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کی والدہ محترمہ نسیم بیگم کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اورا ن کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے حق پرست ماؤ ں ،بہنوں ،بزرگوں ،نوجوانوں اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ محترمہ نسیم بیگم کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کریں ۔ واضح رہے کہ نسیم بیگم شدید علیل ہیں اور کراچی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔دریں اثناء حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ کشور زہرا نے کہا ہے کہ پاکستان میں اعضاء ناکارہ ہوجانے کے باعث پیوند کاری کی صورت میں بیرون ِ ملک جانیو الا سرمایہ ملک کی گرتی ہوئی معیشت کے لئے نقصان دہ اورماہرین کی کھلم کھلا تضحیک ہے ۔یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اعضا ء ناکارہ ہونے کی صورت میں آگہی نہ ہونے کے سبب ہر سال ڈیڑھ لاکھ افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوجاتے ہیں لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ گردے کے ٹرانسپلانٹیشن نے امید کی ایک راہ کھول دی ہے ،ایک مستند ادارے میں قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اب تک پانچ ہزار مریضوں کے بالکل مفت ٹرانسپلانٹ ہوچکے ہیں جو غریب اور متوسط طبقے کے عوام کیلئے ایک بہت بڑی سہولت ہے ۔کشور زہرا نے مطالبہ کیا کہ عوام کی صحت کے معاملات کو نام نہاد ترجیحات میں شامل نہ کیاجائے ، پیوند کاری کی صورت میں بیرون ملک جانیو الے سرمایہ کی روک تھام کی جائے اور اس سے وابستہ ماہرین کی تضحیک کا عمل بندکرکے پیوند کاری کیلئے سرپرستی اور وسائل فراہم کرنے کے علاوہ مثبت اقدامات اٹھائے جائیں۔