پاکستان
06 مئی ، 2014

ایم کیوایم کرپٹ اور فرسودہ جاگیر دارانہ سیاسی نظام کا خاتمہ چاہتی ہے، رابطہ کمیٹی

 ایم کیوایم کرپٹ اور فرسودہ جاگیر دارانہ سیاسی نظام کا خاتمہ چاہتی ہے، رابطہ کمیٹی

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ ایم کیوایم ملک پر مسلط کرپٹ اور فرسودہ جاگیر دارانہ سیاسی نظام کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے اور اس نظام کے خاتمہ کیلئے جوبھی آواز اٹھے گی اسے ایم کیوایم کی مکمل تائید حاصل ہوگی ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ طاہر القادری اور ان کی جماعت پاکستان عوامی تحریک بھی فرسودہ جاگیر دارانہ نظام ،کرپٹ ا لیکٹورل سسٹم اور کرپشن کے خاتمہ کی بات کررہے ہیں جسکی ایم کیوایم تائید کر تی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ فرسودہ نظام کی تبدیلی نہ صرف ایم کیوایم کے منشور کا حصہ ہے بلکہ ایم کیوایم عملی طور پر بھی اس کرپٹ نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کرر ہی ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم، عوامی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ پاکستان کے 98فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو بھی بلاامتیاز وتفریق ان کے بنیادی حقوق اور انصاف کے یکساں مواقع میسر آئیں۔دریں اثناء ایم کیوایم ناظم آباد گلبہار سیکٹر یونٹ 189کے کارکن محمد رضا شہید کو سینکڑوں سوگواران کی آہوں اورسسکیوں کے درمیان سرجانی ٹاؤن میں واقع وادی اسلام قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔اس سے قبل شہید کی نماز جنازہ رضویہ امام بارگاہ ناظم آباد میں ادا کی گئی۔ نما زجنازہ اور تدفین میں رکن رابطہ کمیٹی کیف الواریٰ ، حق پرست ارکان اسمبلی، کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، ناظم آباد گلبہار سیکٹر کمیٹی کے ارکان ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز واقارب نے کثیرتعدادمیں شرکت کی اورشہیدکی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اورسوگواران کے صبرجمیل کے لیے دعائیں کیں۔ علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی کے ارکان سینیٹرنسرین جلیل اورکنورخالدیونس نے کراچی میں متعین افغان قونصلیٹ جنرل کے دفترکادورہ کیااور قونصلیٹ جنرل شاہ احمد سعیدسے ملاقات کرکے افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے گاوٴں میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افرادکے جاں بحق ہونے پر قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیا،اور قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کو انسانی تاریخ کا ایک بڑا سانحہ قرار دیا۔اس موقع پرافغان قونصلیٹ جنرل شاہ احمدسعیدنے دکھ اورافسوس کی گھڑی میں ساتھ دینے پرقائدتحریک الطاف حسین اورایم کیوایم کاشکریہ اداکیا۔

مزید خبریں :