پاکستان
07 مئی ، 2014

عبد الواحد آریسر کی وفد کے ہمراہ نائن زیرو پرارکان رابطہ کمیٹی سے ملاقات

عبد الواحد آریسر کی وفد کے ہمراہ نائن زیرو پرارکان رابطہ کمیٹی سے ملاقات

کراچی…جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین عبد الواحد آریسر کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے بدھ کو خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان حیدر رعباس رضوی اور اشفاق منگی سے ملاقات کی اور گرفتاریوں کے بعد لاپتا ہونے والے ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کئی کارکنان کے ابھی تک لاپتا ہونے پر گہری تشویش کااظہار کیا ۔وفد میں جسقم کے رہنما سرمد میرانی ، نیاز راجپر ، اکبر آریسر اور اشر ف بیلم اور دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم کیوایم کی سندھ کمیٹی کے انچارج عمر قریشی اور متحدہ سوشل فورم لونگ خان چنہ اور اراکین بھی موجود تھے ۔ جسقم کے وفد نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ ماورائے عدالت قتل کئے گئے ایم کیوایم کے کارکنان کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور لاپتا کارکنان کی جلد اور بحفاظت بازیابی کیلئے دعا بھی کی ۔ملاقات میں سندھ اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال ، اداروں کی جانب سے ماورائے عدالت قتل ، آئین و قانونی اختیارات سے تجاوز کرنے اور جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام صورتحال پر سندھ سمیت ملک بھر کیلئے نقصان دہ قرار دیا ۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی نے جسقم کے وفد کی نائن زیرو آمد اور ایم کیوایم کا غم بانٹنے پر دلی تشکر کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ عبد الواحد آریسر نے سندھ دھرتی کے لئے ہمیشہ مثبت کاوشیں کی ہیں اور جب بھی سندھ پر برا وقت آیا عبد الواحد آریسر اور ایم کیوایم ساتھ ساتھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بے گناہ افراد کا ماورائے عدالت قتل چاہے کراچی یا اندرون سندھ میں ہو اس ظلم کی سندھ دھرتی کے سچے رہنماؤں نے ہمیشہ مذمت کی ہے ۔جسقم کے چیئرمین عبد الواحد آریسر نے صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ علامہ مخدوم نے سندھ اور ہند کا نام لیا ہے اور اسی سندھ کے باسیوں کو انہوں نے یہ کہا ہے کہ یہ بہت سے مغربی ایشیاء کے ملکوں سے زیادہ مہذب اورپرامن ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت شہر کراچی جس کو ہم روشنیوں کا شہر کہتے تھے وہ آج بارود کے دھویں سے بد بو دار ہوچکا ہے اور ہمارے بھائیوں کو ملازمت کرنے والے ادارے پکڑ کر بے دردی سے شہید کررہے ہیں ، جو لوگ امن کیلئے کوششیں کرتے ہیں وہی گولی کا شکار بنتے ہیں ، ہم لوگوں نے کوشش کی ہے کہ یہاں امن ہولیکن یہاں امن کے دشمن لوگ ہیں اور دنیا کو دہشت و وحشت سے شاداب نہیں کیاجاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں امن اور محبت چاہتے ہیں ، بے ڈھنگی رفتار سے چلنے کا عمل ترک کیاجائے ،جسقم متحدہ قومی موومنٹ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور سندھ کے باشندوں پر ظلم پر خاموش نہیں رہے گی ۔

مزید خبریں :