09 اپریل ، 2012
اسلام آباد … چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف خود کو قانون کے حوالے کردیں۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی نئی ایف آئی آر کے اندراج کی اپیل پر سماعت کی۔ ایف آئی اے کے وکیل نے بتایاکہ پرویز مشرف اشتہاری ہیں، ان کے گرفتاری وارنٹ بھی جاری ہیں اور انٹرپول سے بھی رابطہ کررکھا ہے۔عدالت میں پرویزمشرف کی طرف سے پیش ہونے والے شہریار خان نے بتایاکہ وہ سابق صدر کے وکیل کے طور پر نہیں آئے بلکہ عدالت کے بلانے پر آئے ہیں ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف مفرور ہیں، قانون کہتا ہے کہ پرویز مشرف پہلے خود کو قانون کے حوالے کریں۔ جسٹس خلجی عارف نے کہا قانون کہتا ہے کہ اشتہاری ملزم کو پہلے عدالت میں سرنڈر کرنا چاہئے۔ عدالت نے فریقین کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپیل کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔