22 جنوری ، 2012
جوہانسبرگ . . . . . پانچویں ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹ سے ہرادیا، وہ سیریز اپنے نام تو نہ کرسکے تاہم حتمی نتیجہ 3-2 کردیا۔ سری لنکا نے 313 رنز کا ہدف 49. 5 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ایک موقع پر سری لنکا کو 7 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے جبکہ ان کی 5 وکٹیں باتیں مگر چار گیندوں پر ان کی 3 وکٹیں گر گئیں تاہم نئے آنے والے کھلاڑی سینانائکے نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ سری لنکا کی فتح کی بنیاد رکھنے والے کمار سنگا کارا نے 102 رنز کی اننگز کھیلی انہیں جے پی ڈومینی نے آوٴٹ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں تھری مانے 69، تھارنگا 46 اور تلکارتنے دلشان نے 41 رنز کی اننگز کھیلیں۔ جنوبی افریقا کی جانب سے سوٹسوبے، ڈومینی، پارنیل اور پیٹرسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل نیو وانڈررز اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو انہیں کافی مہنگا پڑا جب جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوررز میں 4 وکٹ پر 312 رنز بنالئے۔ پروٹیز اوپنر گریم اسمتھ نے 4 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 125 رنز اور کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے صرف 98 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے برق رفتار ناٹ آوٴٹ 125 رنز بنا ڈالے۔ سری لنکا کے بولرز متاثر کن کارکردگی پیش نہ کرسکے ان کے سب سے کامیاب بولر مالنگا نے 79 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں، سینا نائکے نے 1 وکٹ کے لئے 50 رنز دیئے جبکہ تھیسارا پریرا کوئی وکٹ لئے بغیر 7 اوورز میں 64 رنز دے کر مہنگے ترین بولر رہے۔