14 مئی ، 2014
اسلام آباد…پرویز مشرف پر غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت میں جاری ہے، وزارت داخلہ نے انکوائری رپورٹ خصوصی عدالت میں پیش کردی ، استغاثہ نے گواہوں کو طلب کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے ہیں کہ سیکرٹری داخلہ پیش نہ ہوئے تو مقدمہ ختم بھی ہوسکتا ہے۔جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔سماعت کے دوران پراسیکوٹر اکرم شیخ نے 10 گواہان کی فہرست پیش کی۔وکلا صفائی نے سیکریٹری داخلہ کا نام گواہوں میں شامل کرنے پراصرار کیا۔جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے کہ پہلا بیان سیکریٹری داخلہ کاریکارڈ ہو گا، سیکریٹری داخلہ پیش نہ ہوئے تو مقدمہ ختم بھی ہوسکتا ہے۔ عدالت نے مشاورت کیلئے وقت دیتے ہوئے سماعت آدھے گھنٹے کیلئے ملتوی کردی۔