14 مئی ، 2014
اسلام آباد… تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی اور ق لیگ کا اتفاق ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان استعفے دے دیں، شفاف انتخابات جمہوریت کے لیے ضروری ہیں جس کے لیے انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے،انھوں نے یہ بات اسلام آباد میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دھاندلی پرالیکشن کمیشن خاموش رہا اور اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا، قوم کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان مستعفی ہو جائیں، تحریک انصاف نے انہیں ہٹانے کا نہیں بلکہ ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اس بار جیتنے والے لوگوں نے بھی کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔