پاکستان
15 مئی ، 2014

وفاقی کابینہ نے بجٹ حکمت عملی کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے بجٹ حکمت عملی کی منظوری دے دی

اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے اسٹریٹجی پیپر کی منظوری دیدی ، وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو انسداد پولیو کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنے جب کہ آرمی چیف کو وزیرستان اور خیبرایجنسی میں پولیو ورکرز کے کام میں رکاوٹیں ختم کرکے ان کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ہوا۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا اسٹریٹجی پیپر پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ وزیر خزانہ کی کوششوں سے عالمی اقتصادی اداروں کا پاکستان پراعتماد بہتر ہواہے۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ سال15-2014کے بجٹ کا حجم 37 کھرب 43ارب جبکہ ٹیکس وصولوں کا ہدف 2810 ارب روپے رکھے جانے کی توقع ہے، بجٹ خسارہ 15 کھرب 73 ارب روپے رہنے کا امکان ہے۔ تن خواہوں کے لیے 295 ارب روپے جبکہ پنشنز کی مد میں 163 ارب رکھے جانے کا امکان ہے ،ترقیاتی بجٹ 100 ارب روپے اضافے سے 525 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ اسٹریٹجی پیپر کے تحت معاشی و اقتصادی اصلاحات کے چار اہم اہداف رکھے گئے ہیں جن کے تحت ٹیکس اور توانائی اصلاحات ،معاشی ترقی پر توجہ ، سبسڈیز کو محدود کرنا اور ٹیکس چھوٹ کو کم سے کم سطح پر لانا ہے۔ وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے اسٹریٹجی پیپر کی منظوری دے دی ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پولیو کے خاتمے کے اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیاگیا ،پولیو پر فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق نے پولیو کے معاملے پربریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں اورجتنا جلدی ممکن ہو پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، وزیراعظم نے بتایاکہ انہوں نے آرمی چیف سے کہا ہے کہ وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پولیو ٹیموں کے تحفظ کیلئے فول پروف اقدامات یقینی بنائیں،وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ بھرپور میڈیا مہم سے عوام کو آگاہی دی جائے اور پولیو ویکسین کے بارے میں شبہات کا خاتمہ کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اب وہ خود پولیو کے خاتمے کے اقدامات کی نگرانی کریں گے۔

مزید خبریں :