15 مئی ، 2014
کراچی …ملک کے جید علمائے کرام نے کہا ہے کہ جیو کے مارننگ شو میں غلطی کی گئی جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے، لیکن پروگرام کی میزبان اور جیو کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد اب اس معاملے کو اچھالنا نہیں چاہیے،ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم نے کہا کہ معافی مانگنے والے کو اللہ تعالیٰ بھی معاف کر دیتا ہے تو بندوں کو کیا حق پہنچتا ہے کہ اس معاملے میں اس طریقے کے ساتھ بات کرے۔ علامہ رضی جعفر نے کہا کہ پروگرام کرتے وقت بہت سمجھ بوجھ سے کام لینا چاہیے۔ لیکن بری باتوں کو پھیلانا خود ایک بری بات ہے جس کا دوسرے چینلز کو خیال رکھنا چاہیے۔علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا کہ پروگرام میں بے احتیاطی کی گئی ہے لیکن مثبت پہلو یہ ہے کہ اس معاملے پر حجت کرنے کے بجائے فوراً معافی مانگ لی گئی۔