15 مئی ، 2014
لاہور…وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے۔ وہ اپنی نیت ٹھیک کرے، انتخابی اصلاحات کے پیچھے پی ٹی آئی کچھ اور چاہتی ہے۔ایک صاحب میڈیا پر کس قسم کی گفتگو کر رہے ہیں،یہ انداز میڈیا کی آزادی کے لیے اچھی بات نہیں۔ پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کی ڈوریاں وہی ہلا رہے ہیں،جو پہلے ہلاتے رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ووٹوں کی گنتی کا نہیں بلکہ سازش کا ہے۔عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،کل کسی کالعدم تنظیم کے پاس جائیں گے۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا پر پابندی کے حق میں نہیں لیکن اس کو ریگولیٹ ہونا چاہیے،جیو نے جس انداز میں رپورٹنگ کی، ہر میڈیا گروپ اس انداز کو اپناتا رہا ہے۔صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ وہ میڈیا سے درخواست کرتے ہیں کہ کسی بھی بات کو بڑھا چڑھا کر پیش نہ کریں، بعض لوگ موجودہ صورت حال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔