31 مئی ، 2014
کراچی…وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام نے مسلم لیگ ن کو مکمل طور پر مسترد کردیا اور اسی تمام وجہ سے وفاقی حکومت نے سندھ سے متعصبانہ رویہ اپنا رکھا ہے اور وفاقی حکومت سندھ کی عوام کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کا جتنا شیئر ملنا چاہئے وہ سندھ کو نہیں مل رہا۔ سندھ کا حصہ نہ ملنے کے باعث امن و امان سمیت مختلف امور میں مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں سندھ کے مرکزی پراجیکٹس کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے مگر اسے ہی نظر انداز کیا جارہا ہے۔ جتنی لوڈ شیڈنگ سندھ میں آج کی جارہی ہے اتنی پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر لائن لوسز کی بات کرتے ہیں، سب سے زیادہ لائن لوسسز لاہور میں ہورہے ہیں وہاں 50 فیصد لائن لوسسز ہیں جبکہ لاہور کی رپورٹ کو چھپا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن میں وفاقی حکومت کی جانب سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ سندھ حکومت نے پولیس کے سامان کا مطالبہ کیا مگر ایک روپے کی مدد بھی نہیں کی گئی۔