01 جون ، 2014
کراچی …کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نمائش سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔وزیراعلیٰ ہاوس جانے سے روکنے پر مظاہرین نے شاہین کمپلیس پر دھرنا دیا ہوا ہے،شرکاء سے خطاب میں مولانا امین شہیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کوعہدے سے ہٹائے جانے تک دھرنا جاری رہے گا۔مجلس وحدت مسلمین کی ریلی کے شرکاء خواتین اور بچوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے نمائش پر جمع ہوئے جہاں سے وزیراعلیٰ ہاوس کی جانب ریلی کا آغاز کیا گیا،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور وزیر اعلیٰ ہاوس جانے والی تمام سڑکوں کو کنٹینرز لگاکر بند کردیا گیا تھا۔ ایم اے جناح روڈ اور صدر سے ہوتے ہوئے مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاو س جانے کی کوشش کی لیکن انہیں شاہین کمپلیکس پر روک لیا گیا۔جس پر مظاہرین نے وہیں دھرنا دے دیا۔شرکاء سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماعلامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ خون ناحق کی ذمہ دار حکومت سندھ ہے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ہمارا 15 نکاتی ایجنڈہ ہے جو ہم وزیر اعلیٰ سندھ کو دینا چاہتے ہیں مگر اجازت نہیں دی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کوعہدے سے ہٹائے جانے تک دھرنا جاری رہے گا۔ اس موقع پر علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ اگر آج ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو کل سے پورے سندھ میں دھرنے شروع ہوجائیں گے، حکمرانوں نے اپنے گھروں ریڈ زون بنارکھا ہے لیکن اہل تشیع کے قتل عام کو نہیں روکا جارہاہے۔ شاہین کمپلیکس پر تاحال مجلس وحدت مسلمین کے تحت احتجاجی دھرنا جاری ہے۔