01 جون ، 2014
کراچی …وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف متعصبانہ روایے اور انتقامی کارروائیوں کے تحت لوڈ شیڈنگ بڑھادی گئی ہے۔ پینے کے پانی کی اسکیموں کو کم کرنا عوام دشمنی ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیموں کو نظر انداز کئے جانے کے خلاف قرار داد منظور کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف متعصبانہ رویے اور انتقامی کارروائیوں کے تحت لوڈ شیڈنگ بڑھادی گئی ہے جس کے خلاف بھی قرار داد منظور کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا رویہ ناقابل برداشت ہے، پینے کے پانی کی اسکیموں کو کم کرنا عوام دشمنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنے خلاف خود سازش کررہی ہے، اور سندھ حکومت کے خلاف وفاقی حکومت کے اقدامات سے ثابت ہورہا ہے کہ ن لیگ نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔