پاکستان
02 جون ، 2014

اہل بیت سے متعلق کلپ بار بار چلانے پر اے آر وائی سمیت دیگر چینلوں پر مقدمے کا حکم

اہل بیت سے متعلق کلپ بار بار چلانے پر اے آر وائی سمیت دیگر چینلوں پر مقدمے کا حکم

وہاڑی/بہاولپور …ڈسٹرکٹ سیشن جج وہاڑی اور ایڈیشنل سیشن جج بہاول پور نے اہل بیت سے متعلق پروگرام کا حصہ بار بار چلانے پر اے آر وائی نیوز چینل کے علاوہ دیگر چینلز کے افراد کے خلاف ضابطہ فوج داری کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا جبکہ خوشاب کی عدالت نے متعلقہ تھانے سے 4جون کو رپورٹ طلب کرلی۔ وہاڑی کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکیل احمد نے اہل بیت سے متعلق پروگرام کا حصہ بار بار چلانے پر اے آر وائی نیوز چینل کے سلمان اقبال، حاجی جان محمد، محمد اقبال، محمد محبوب، انور مقصود اور اے آر وائی کے دیگر 40 سے 50افراد، دنیا نیوز کے چیف ایگزیکٹو میاں عامر محمود،سما ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو نوید صدیقی ،اب تک ٹی وی کے سید سرفراز شاہ، ایکسپریس نیوز کے چیف ایگزیکٹو سلطان لاکھانی، امجد صابری قوال، ذکی زمان کے خلاف زیر دفعہ 154پی آر پی سی ضابطہ فوج داری کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ مقدمے کے اندراج کی درخواست قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 169 سے سابق امیدوار محمد عبداللہ نے سیشن کورٹ میں دائر کی تھی جس کی پیروی ڈسٹرکٹ بار وہاڑی کے صدر شیر بہادر لک نے کی۔ بہاول پور کے ایڈیشنل سیشن جج حیدر امین نے ایکسپریس، دنیا، اے آر وائی، سما اور اب تک نیوز کے چیف ایگزیکٹوز کے خلاف توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر پولیس کو کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ بہاولپور کے مقامی وکیل سید لال شاہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو درخواست دی تھی کہ ان چینلز نے دانستہ طور پر اہل بیت کی توہین سے متعلق پروگرام کا حصہ بار بار دکھایا، جس سے عوام میں بے چینی پھیل گئی، ان کے خلاف 22 اے کے تحت کارروائی کی جائے۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا کہ جیو نے یہ پروگرام ایک بار چلایااور کئی بارمعافی مانگی مگر دوسرے چینلز بار بار پروگرام چلا کر توہین اہل بیت کرتے رہے۔ خوشاب میں اہل بیت کی توہین سے متعلق پروگرام کا حصہ بار بار دکھانے پر متعدد نجی ٹی وی چینلز کے ذمے داران کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی جس پر ایڈیشنل سیشن جج احمد نواز نے 4 جون کو خوشاب کے مقامی تھانے سے رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست سیاسی وسماجی شخصیت ملک خدا بخش کی جانب سے ملک زاہد الطاف اعوان ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں اے آر وائی چینل کے چیف ایگزیکٹو سلمان اقبال، مبشر لقمان، جان محمد، محمداقبال، محمدمحبوب، انور مقصود سمیت 50کے قریب افراد کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں :