02 جون ، 2014
فیصل آباد…جنگ اخبار کی گاڑیوں کو نذرآتش کرنے، جیو کی گاڑیوں پر حملوں اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف فیصل آباد میں صحافی سراپا احتجاج ہوگئے۔جنگ اور جیو نیوز کی نشریات کی بندش، گاڑیوں اور اخبارات کو نذرآتش کرنے، انہیں نقصان پہچانے اور کارکنوں کوہراساں کرنے کے خلاف فیصل آباد کی صحافی تنظیموں کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔ فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس دستور گروپ نے آج ہونے والے انتخابات کے موقع پر پولنگ کیمپ کو احتجاجی کیمپ میں تبدیل کردیا۔ صحافیوں نے ضلع کونسل کے سامنے احتجاج کیا اور جیو اورجنگ پر حملوں کو آزادی صحافت پر حملے قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ صحافی کارکنوں نے کہا کہ جنگ اور جیو کی گاڑیوں کو جلا کر آزادی صحافت کو سلب کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صحافیوں نے قرارداد مذمت بھی منظور کی۔ فیصل آباد پریس کلب سے بھی صحافیوں نے ضلع کونسل تک مارچ کیا اور حکومت سے جیو کی نشریات کو بحال کرنے اور جنگ کی گاڑیوں کو اگ لگانے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔