پاکستان
03 جون ، 2014

مختلف شہروں میں افرا تفری، بازار بند، سڑکوں سے ٹریفک غائب،ایک کارکن جاں بحق

مختلف شہروں میں افرا تفری، بازار بند، سڑکوں سے ٹریفک غائب،ایک کارکن جاں بحق

حیدرآباد…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی لندن میں حراست کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔کاروبار اور تجارتی مراکز احتجاجا بند کردیئے گئے۔الطاف حسین کو حراست میں لیے جانے کی اطلاع ملنے پر۔حیدر آباد میں دکانیں، بازار اور پیٹرول پمپ بند ہوگئے۔ریشم بازار مارکیٹ ، تلک چاڑی اور لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردیا۔شہر میں مختلف مقامات پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔متحدہ کے کارکنوں نے ٹانگہ اسٹینڈ، پْھلیلی، فقیرکاپڑ، پکا قلعہ چوک، سبزی منڈی چوک، لطیف آباد نمبر 7،12، خدا حافظ چوک، سنگم اور حیدر چوک پر دھرنے دیے ہیں۔کوٹری میں بھی کاروباری مراکز بند ہوگئے۔نواب شاہ زونل آفس میں کارکنوں نے الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا۔ پرانی سبزی منڈی ریلوے پھاٹک پر کارکنوں نے دھرنا دیکر ریلوے ٹریفک معطل کردیا۔ شہداد پور ، ٹنڈو آدم اور شاہ پور چاکر سمیت مختلف چھوٹے بڑے علاقوں میں بھی کاروبار بند کردیے گئے۔میرپورخاص کے مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے بازار اور پیٹرول پمپ بند کرادیے۔ سانگھڑ میں مندرگلی کے مقام پر دکانیں بند کرانے کے دوران نامعلوم افراد نے ایم کیوایم کے کارکنوں پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے تین کارکن زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو نوابشاہ منتقل کیا جارہا تھا اس دوران ایم کوایم کا ایک کارکن فیاض احمدیوسف زئی دم توڑ گیا۔ایم کیو ایم سکھر کے زونل آفس پر کارکنان جمع ہوئے اور الطاف حسین کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ خیرپور کے جی پی او روڈ پر ایم کیوایم کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ایم کیوایم لاڑکانہ زون کی جانب سے شیخ زید موڑ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔جیکب آباد میں ایم کیوایم کے کارکنوں نے زونل آفس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔گھوٹکی، ٹھٹھہ، ٹنڈوالہ یار اور بدین میں پریس کلب کے باہر متحدہ کے کارکنوں نے دھرنا دیا ہوا ہے، اس سے قبل ٹنڈوالہٰ یار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6افراد زخمی ہوئے۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ایم کیوایم کے کارکنوں نے گھڑی بان چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور الطاف حسین کے حق میں نعرے لگائے۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بھی الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایم کیوایم کے کارکنوں نے مرکزی عیدگاہ چوک پر مظاہرہ کیا۔

مزید خبریں :