پاکستان
03 جون ، 2014

الطاف حسین زیر حراست :ایم کیو ایم رہنماوٴں کی کارکنوں سے پر امن رہنے کی اپیل

 الطاف حسین زیر حراست :ایم کیو ایم رہنماوٴں کی کارکنوں سے پر امن رہنے کی اپیل

کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کولندن میں حراست میں لیے جانے کی خبر کے بعد بڑی تعداد میں ایم کیو ایم کے کارکن اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے نائن زیرو پہنچے اور اب نمائش پراحتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں رابطہ کمیٹی لندن کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے کہا کہ کارکنان پر امن رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو لندن میں حراست میں لیے جانے کی خبر کے بعد الطاف حسین سے اظہار یک جہتی کیلئے ایم کیو ایم کے کارکن بڑی تعداد میں نائن زیرو پہنچ گئے، جہاں انہوں نے الطاف حسین کے حق میں والہانہ نعرے لگائے۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کراچی اور لندن کی مشترکا پریس کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی لندن کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے کہا کہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، الطاف حسین لندن میں اپنے گھر پر موجود ہیں، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی اورکہا کہ کارکنان ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔ نائن زیرو کے باہر کارکنان سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈ اکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مشکل وقت ہے، کارکنوں کی آزمائش ہے، ہمیں الطاف بھائی کی پر امن تعلیمات کو سامنے رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے اعلان کیا کہ رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ نمائش چورنگی پر اس وقت تک دھرنا دیا جائے جب تک الطاف حسین ہم سے خطاب نہیں کرتے۔ اس وقت متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوٴں، رابطہ کمیٹی کے اراکین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے نمائش پر احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔

مزید خبریں :