پاکستان
03 جون ، 2014

الطاف حسین اپنے ہنگامہ خیز سیاسی کیریئر میں 4 بار گرفتار ہوئے

الطاف حسین اپنے ہنگامہ خیز سیاسی کیریئر میں 4 بار گرفتار ہوئے

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اپنے ہنگامہ خیز سیاسی کیریئر میں اب تک چار مرتبہ گرفتار ہو چکے ہیں۔ جنگ اور جیو کے اسسٹنٹ ایڈیٹر صابر شاہ کی رپورٹ کے مطابق الطاف حسین کو 35 سال قبل اگست 1979ء میں پہلی مرتبہ گرفتار کیا گیا۔ 11 جون 1978ء کو انہوں نے کراچی میں آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی بنیاد رکھی۔ اس کے ایک سال بعد 14 اگست 1979ء کو انہیں مزار قائد اعظم پر مظاہرے کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔ یہ مظاہرہ بنگلادیش میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے کیا جارہا تھا۔ 2 اکتوبر 1979ء کو عدالت نے الطاف حسین کو 9ماہ قید اور 5کوڑوں کی سزا سنادی گئی۔ 28 اپریل 1980ء کو سزا پوری کرکے الطاف حسین جیل سے باہر آئے۔ دوسری مرتبہ انہیں 31 اکتوبر 1986ء کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پکا قلعہ حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرکے واپس آرہے تھے۔ ان کے خلاف مختلف مقدمات قائم کیے گئے۔تاہم عوامی دباوٴ کی وجہ سے انہیں اور ان کے ساتھیوں کو 24 فروری 1987ء کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کردیا گیا اور ان پر لگائے گئے الزامات واپس لے لیے گئے۔ 30اگست 1987ء کو الطاف حسین کو تیسری مرتبہ گرفتار کیا گیا اور 7 جنوری 1988ء کو ان کی رہائی عمل میں آئی۔

مزید خبریں :