پاکستان
03 جون ، 2014

حامد میر پر حملہ سوچی سمجھی سازش ہے، جاوید جبار

حامد میر پر حملہ سوچی سمجھی سازش ہے، جاوید جبار

لاہور…سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور میڈیا کمیشن کے رکن جاوید جبار نے کہا ہے کہ حامد میر پر حملہ حادثہ نہیں،سوچی سمجھی سازش ہے، ریاست کے کچھ ادارے اپنے اختیارات استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں، پیمرا کو پارلیمان کے سامنے جوابدہ بنایا جائے۔ لاہور میں میڈیا کمیشن رپورٹ کی کتاب کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جاوید جبار نے کہا کہ جیو پر جو چلایا گیا اس سے اختلاف ہے مگر جیو کو بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، کیبل آپریٹرز کو دھمکانا اور اخبارات جلانا کسی طور جائزنہیں۔ جاوید جبار کا کہنا تھا کہ جیو کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس سے دوسرے میڈیا ہاوٴسز بھی محفوظ نہیں رہیں گے، حکومت کردار ادا کرے تو ان حالات پر قابو جا سکتا ہے۔ انہوں نے پیمرا کی جانب سے ہر کیبل آپریٹر کو پانچ ان ہاوٴس چینلز کی اجازت دینے کو سانحہ قراردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں 15ہزار ان ہاوٴس ٹی وی چینلز کسی کنٹرول کے بغیر چل رہے ہیں۔ جاوید جبار نے کہا کہ فوج بھی ریاست کی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے میڈیا پر دباوٴ ڈالتی ہے، قومی مفاد کی تشریح بہت مشکل ہے، اس معاملے پر سول ملٹری اختلاف ہوتے ہیں، میڈیا کی آزادی اور ذمہ داری دونوں کا احترام کرنا چاہیے۔ جاوید جبار کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیمرا کا تقرر حزب اختلاف اور حزب اقتدار کی مشاورت کیا جانا چاہیے، پیمرا کو پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ بنا کر خفیہ ہاتھوں کے اثرات کم کیے جاسکتے ہیں۔

مزید خبریں :