پاکستان
04 جون ، 2014

کراچی میں امن برقرار رکھا جائے گا،گورنر سندھ کی وزیراعظم کو یقین دہانی

کراچی میں امن برقرار رکھا جائے گا،گورنر سندھ کی وزیراعظم کو یقین دہانی

اسلام آباد … گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو یقین دلایا ہے کہ الطاف حسین کے معاملے پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا جائے گا اور کراچی میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا ۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی حراست کا معاملہ قانونی ہے، حکومت ان کی قانونی و اخلاقی معاونت کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزراء، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اہم پارٹی رہنماوٴں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران لندن میں الطاف حسین کو حراست میں لیے جانے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بتایا کہ گورنر سندھ نے ان سے رابطہ کرکے وفاقی حکومت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ کراچی میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پارٹی عہدیدار الطاف حسین کے معاملے پر بیان دیتے وقت ان کی ہدایات کو پیش نظر رکھیں۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ وفاق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سندھ حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔ سندھ، خاص طور پر کراچی کے عوام کے جان و مال کی حفاظت صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وفاقی بجٹ کے اہم خدو خال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی بجٹ غریب اور سرمایہ کار دوست ہے۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبائی بجٹ کی تیاری پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ صوبائی بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

مزید خبریں :