پاکستان
04 جون ، 2014

الطاف حسین کی گرفتاری سندھ اور پنجاب میں ریلیاں، مظاہرے ،دھرنے

الطاف حسین کی گرفتاری سندھ اور پنجاب میں ریلیاں، مظاہرے ،دھرنے

حیدرآباد…ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو حراست میں لیے جانے کے خلاف سندھ کے بیشتر شہروں میں احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے،پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ، مظاہرے ہوئے اور دھرنے دیے گئیالطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں ایم کیو ایم کے کارکنان دھرنے دیے بیٹھے ہیں۔مظاہرین میں بچے ، بڑے ، بوڑھے اور خواتین سبھی شامل ہیں۔ایم کیو ایم حیدرآباد زون کی جانب سے پریس کلب کے باہر دھرنا دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی وفود نے پریس کلب کا دورہ کیا اور اظہار ہمدردی کیا۔ان میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ فنکشنل، آل پاکستان مسلم لیگ، پاکستان مسلم لیگ ق، صرافہ ایسوسی ایشن، الیکٹرانک ایسوسی ایشن، اور اناج منڈی کے وفود شامل تھے۔سکھر پریس کلب کے باہر بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے زونل انچارج شہزادہ گلفام کی قیادت میں دھرنا دیا ہوا ہے۔ دھرنے میں حق پرست ایم پی اے محمدسلیم بندھانی، دیوان چند چاولہ اور ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی سندھ کے رکن عظیم دانش سمیت دیگر ذمہ داران شریک ہیں۔ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرجانے کے باعث کئی مظاہرین بے ہوش بھی ہوئے۔ ایم کیو ایم نواب شاہ زون کے تحت پریس کلب کے باہر جاری دھرنے میں بچے اور خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ پریس کلب میرپورخاص کے باہر بھی ایم کیو ایم کے کارکن دھرنے پر بیٹھے ہیں۔لاڑکانہ میں جناح باغ اور قمبر شہدادکوٹ کے پریس کلبز پر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے دھرنا دیا ہوا۔ گھوٹکی پریس کلب پر احتجاجی دھرنے میں شریک ایم کیوایم کے کارکنوں نے الطاف حسین کی صحتیابی کیلئے بکرا قربان کرکے صدقہ دیا۔اوباڑو ، ڈہرکی اور میرپورماتھیلو میں بھی کارکنوں کی جانب سے الطاف حسین سے اظہاریکجہتی کیلئے احتجاجی دھرنے جاری ہے۔ جیکب آباد، شکارپور، کشمور، کندھکوٹ، خیرپور ،ٹنڈومحمدخان، ٹنڈوالٰہیار، ٹھٹھہ، سانگھڑ اور نوشہروفیروز سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں نے الطاف حسین سے اظہاریکجہتی کیلئے احتجاجی دھرنے دیے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب میں بھی مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سیالکوٹ، ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یارخان میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :