پاکستان
06 جون ، 2014

جنگ ، جیو کو بغیر ثبوت غدار کہنے پر وزارت دفاع ، آئی ایس آئی ، پیمرا کو قانونی نوٹس

جنگ ، جیو کو بغیر ثبوت غدار کہنے پر وزارت دفاع ، آئی ایس آئی ، پیمرا کو قانونی نوٹس

اسلام آباد.... جنگ اور جیو کو ثبوت کے بغیر غدار کہنے پر وزارت دفاع ، آئی ایس آئی اور پیمرا کو جیو اور جنگ گروپ نے 50ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 14روز میں کھلے عام معافی مانگی جائے۔سینئر صحافی احمد نورانی کے مطابق پاکستان کے سب سے مقبول اور سب سے زیادہ چاہے جانے والے میڈیا گروپ ’’جیو اور جنگ گروپ‘‘ نے وزارت دفاع، آئی ایس آئی اور پیمرا کو پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کرنے کے الزامات لگا کر گروپ کو بدنام اور اس کی شہرت کو نقصان پہنچانے ، گروپ کے خلاف تشدد کو ہوا دینے ، جیو چینلز کے بلیک آؤٹ کےلیے کیبل آپریٹرز پر دباؤ ڈالنے اور جیو کے چینلز کی بحالی کےلیے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد میں پیمرا کی ناکامی پر قانونی نوٹس بھجوایا ہے اور اس میں تمام فریقین سے 14دن کے اندر کھلے عام معافی مانگنے اور نقصانات کے ہرجانے کے طور پر 50ارب روپے ادا کرنے کو کہا گیا ہے۔۔قانونی نوٹس میںکہا گیا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا میڈیا گروپ غداری اور اینٹی پاکستان ایجنڈا بڑھانے کا بے بنیاد اور ناپسندیدہ الزام عائد کرنے والوں اداروں کے قیام سے بھی کہیں پیشتروجود میں آیا۔ جس سے 8ہزار صحافی، کارکن اور پیشہ ور افراد وابستہ ہیں ،ان کے اہل خانہ کو نہ صرف ہراساں کیا جارہا ہے بلکہ پاکستان بھر میں ان پر حملے بھی کیے جارہے ہیں اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔جیو اور جنگ گروپ کی اعلیٰ مینجمنٹ کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بلاثبوت بے بنیاد ، غلط اور شرمناک الزامات لگانے اور گروپ سے وابستہ ہزاروں پیشہ ور افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر گروپ ، اس کے کارکنوں اور ان کے اہل خانہ سے سرعام معافی مانگی جائے۔آئی ایس آئی اور پیمرا کو دینے جانے والے نوٹس میں جیو کے وکلا اور جنگ گروپ نے واضح کیا ہے کہ گروپ ان سب کے خلاف مناسب قانونی چارہ جوئی کرےگااور یہ چارہ جوئی جیو اور جنگ گروپ اور اس کے کارکنوں کی شہرت کو پہنچنے والے براہ راست نقصان اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے حقیقی نقصانات پرمجاز عدالت میں کی جائے گی ۔

مزید خبریں :