06 جون ، 2014
کراچی.....جیو نیوز پر پیمرا کی جانب سے15دن کی پابندی اور ایک کروڑ روپے جرمانے پر سینئر صحافیوں نے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ سینئرصحافی مظہرعباس کا کہنا ہے کہ جیو کا مسئلہ بہت پہلے حل ہوسکتا تھا، لیکن حکومت نے اسے مِس ہینڈل کیا، اس فیصلے سے مجموعی طور پر پورے میڈیا کو نقصان ہوگا۔ دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کا کہنا ہے کہ جیو کو جو پہلے سزا دی گئی اس کا ذمے دار کو ن ہے؟ سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ جیو کو فیصلے پر اب قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیئے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہیے تھے، جیو تو پہلے ہی بند ہے، اسے مختلف ہتھکنڈوں سے بند کیا گیا، جیو کا مؤقف سنے بغیر اسے سزا دی گئی ہے۔ سینئر صحافی اور جیو نیوز کے پروگرام جرگہ کے میزبان سلیم صافی کا کہنا ہے کہ یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ یہ ملک جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے اصول پر چل رہا ہے۔ جیو نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف رانا جواد نے پیمرا کے فیصلے کو یک طرفہ قرار دیا۔