پاکستان
08 جون ، 2014

الطاف حسین کا اسپیکرقومی اسمبلی سےرابطہ،حکومتی اقدامات پر اظہارتشکر

لندن...... متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اسپیکرقومی اسمبلی اورمسلم لیگ ن کے رہنما سردارایازصادق کوفون کرکے کڑے اور مشکل وقت میں بھرپور یکجہتی کااظہارکرنے پراپنی اورایم کیوایم کی پوری قیادت کی جانب سے ان کاشکریہ اداکیا۔ایازصادق نے الطاف حسین کو ان کی رہائی پر مبارکبادپیش کی اورکہاکہ مصیبت کسی پربھی آئے ، ہمیں مصیبت میں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے اورایک دوسرے کے ساتھ کھڑاہوناچاہیے۔انہوں نے الطاف حسین کوان کی گرفتاری کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے رابطے کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام اورسفارتی وقانونی تعاون کیلئے لندن میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنرکودی جانے والی ہدایات اورایم کیوایم کے رہنماؤںسے اپنے رابطوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ایازصادق نے مزید کہاکہ آپ ایک بڑی جماعت کے قائدہیں اور اپنی جماعت کیلئے ’’ پلرآف یونٹی ‘‘ ہیں ، ہماری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کوصحت وتندرستی دے۔ الطاف حسین نے اسپیکرقومی اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کوسلام کہااوران کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اورتعاون پران کاشکریہ اداکیا۔الطاف حسین نے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہم سب کوایک دوسرے کوتسلیم کرنے اورایک دوسرے کے وجودکوبرداشت کرنے کی توفیق عطاکرے ،ہمیں پاکستان کی سلامتی وبقاء ،ترقی وخوشحالی اورملک میں ایسے نظام کے قیام کیلئے کوششیں کرناچاہیے جہاں تمام مسالک اورمذاہب کے ماننے والے پاکستانیوںکو مساوی حقوق میسرہوں۔


مزید خبریں :